بلوچستان کے تین اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 دہشت گرد ہلاک، 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر تین الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے،اِن آپریشنز میں بی ایل اے کے 8 کارندے ہلاک ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت متاثر کرنے کے لیے سڑک پر ناکہ بندی کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ضلع نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
