گوادر فری زون میں پاک چین مشترکہ منصوبے کا سنگ بنیاد، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے
گوادر: گوادر فری زون میں پاکستانی اور چینی سرمایہ کاروں کے مشترکہ منصوبے شہزاد اینڈ شاؤ فارم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ منصوبے سے زرعی و غذائی شعبے کو فروغ ملنے کے ساتھ مقامی نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور فنی تربیت کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے سیکرٹری وزارت بحری امور کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان نسیم الرحمٰن ملاخیل اور چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ گوادر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ منصوبے میں مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے ترجیح دی جائے اور انہیں جدید فنی تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
