بلوچستان میں نیٹ فلکس ویب سیریز سے متاثر ہوکر 20 کروڑ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی، یونیورسٹی طلبہ گرفتار
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں نیشنل بینک سے 20 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ڈیڑھ سال کی تحقیقات کے بعد لسبیلہ یونیورسٹی کے موجودہ اور سابق طلبہ کو واردات میں مبینہ طور پر ملوث قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی، گاڑی کا رنگ تبدیل کیا، فرنٹیئر کور کی وردیاں استعمال کیں اور فرار ہونے کا راستہ بھی پہلے سے طے کیا۔
واردات کے بعد ایک پولیس اہلکار نے ملزمان کا تقریباً 15 کلومیٹر تک تعاقب کیا، تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
طویل تحقیقات کے بعد پولیس نے یونیورسٹی کے طلبہ کو مبینہ ماسٹر مائنڈ سمیت مقدمے میں نامزد کیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان نے لوٹی گئی رقم سے گاڑیاں خریدیں، پیٹرول پمپس حاصل کیے اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی۔
تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر نیٹ فلکس کی مشہور ویب سیریز اور فلموں سے متاثر ہوکر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی تھی۔
