بلوچستان انسائیٹ کی خبر پر ایکشن جاری، سیکرٹری جنگلات عمران گچکی عہدے سے ہٹا دیے گئے
کوئٹہ: محکمہ جنگلات بلوچستان میں بھرتیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد حکومتی سطح پر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان انسائیٹ پر معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سیکرٹری جنگلات عمران گچکی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جبکہ اسد اللہ فیض کو نیا سیکرٹری جنگلات تعینات کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے عمل اور میرٹ سے متعلق سنگین سوالات سامنے آئے تھے۔ بلوچستان انسائیٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بعض آسامیوں پر میرٹ کے بجائے مبینہ طور پر پیسے اور سفارش کی بنیاد پر بھرتیوں کی کوشش کی گئی، جس سے مستحق بلوچ نوجوانوں کے حقوق متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں مشیر جنگلات سردار مسعود لونی سے متعلق بھی الزامات سامنے رکھے گئے تھے۔ محکمہ جنگلات میں درجہ چہارم سمیت مختلف ملازمتوں کی بھرتیوں میں مبینہ طور پر مالی لین دین کیا گیا۔ رپورٹ میں ان کے بھتیجے خوشدل پر بھی مبینہ فرنٹ مین کے طور پر کام کرنے اور نوکریوں کے لیے امیدواروں کی فہرستیں تیار کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
بلوچستان انسائیٹ نے بھرتیوں کے معاملے میں ایک مبینہ ٹیسٹ کیس بھی سامنے رکھا تھا۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق دعویٰ کیا گیا کہ ایک امیدوار کا نام میرٹ لسٹ میں موجود نہ ہونے کے باوجود اس کے تقرری کے احکامات جاری ہوئے، جبکہ ایک دوسرے امیدوار کا نام درجہ چہارم کی میرٹ فہرست میں شامل تھا اور وہ انٹرویو بھی پاس کرچکا تھا، تاہم اس کے تقرری کے احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ رپورٹ میں دوسرے امیدوار کے پاس رشوت دینے کے لیے رقم نہ ہونے کی وجہ سے اسے ملازمت نہیں ملی۔
بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور سرکاری ملازمتوں میں شفاف میرٹ کا معاملہ محض انتظامی مسئلہ نہیں۔ کرپشن، ناانصافی اور میرٹ کی خلاف ورزی نوجوانوں میں محرومی پیدا کرتی ہے۔ شدت پسند تنظیمیں ایسے حقیقی یا مبینہ مسائل کو اپنے پروپیگنڈے اور بھرتی کے بیانیے میں استعمال کرتی ہیں۔
