کوئٹہ: بلوچستان میں سی پیک کے مغربی روٹ پر 310 ارب روپے مالیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کے تحت مجموعی طور پر 718 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر اور بہتری کے منصوبوں پر پیش رفت ہو رہی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مغربی روٹ کے شاہراہ منصوبوں کے لیے اب تک 163 ارب 17 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
خضدار سے کچلاک تک 330 کلومیٹر طویل شاہراہ کے منصوبے کے لیے 82 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ہوشاب، آواران، نال، بسیمہ، خضدار اور ژوب کچلاک روٹس کے لیے مختص 83 ارب 20 کروڑ روپے میں سے 54 ارب 90 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جو مختص رقم کا تقریباً 66 فیصد بنتا ہے۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق بسیمہ خضدار شاہراہ کے لیے مختص فنڈز کا 94 فیصد حصہ ترقیاتی کاموں پر خرچ ہو چکا ہے، جو اس اہم شاہراہ پر مالی پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی تکمیل سے بلوچستان کے دور دراز اضلاع کے درمیان سفری رابطے بہتر ہوں گے، مال برداری میں آسانی پیدا ہوگی اور مقامی تجارت، زراعت، معدنیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔
جدید شاہراہوں کا یہ نیٹ ورک بلوچستان کو ملک کے دیگر تجارتی مراکز سے منسلک کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مقامی آبادی کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
