بلوچستان میں عوام کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے “پیپلز ایئر ایمبولینس” سروس مکمل طور پر تیار کرلی گئی ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو جلد کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ٹوئٹ میں بتایا کہ یہ منصوبہ صوبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے مریضوں کو بروقت ہنگامی طبی امداد فراہم کرنا ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے حادثات اور دیگر ایمرجنسی حالات میں مریضوں کو فوری طور پر بڑے طبی مراکز تک منتقل کیا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں مدد دے گا بلکہ ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو بھی مزید مؤثر بنائے گا۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ جدید اور عوام دوست طبی سہولیات کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے، اور پیپلز ایئر ایمبولینس منصوبہ اسی عزم کی عملی مثال ہے۔
